اترپردیش: ریل حادثہ، بیس ہلاک
اترپردیش میں ریلوے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آلہ آباد کے قریب ایک ریل گاڑی کے تیرہ ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں جس میں بیس افراد ہلاک اور ایک سو پچیس افراد زخمی ہوئے ہیں
ریاست کے ریلوے اہلکاروں کا کہنا ہے یہ ٹرین حادثہ آلہ آباد اور کانپور کے درمیان فتح پور ضلع کے ملوہ ریلوے سٹیشن کے قریب پیش آیا ہے۔
الہ آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس جاوید اختر نے بتایا ہے کہ ابھی تک بیس لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔
اہلکاروں کے مطابق دلی کالکا سپر فاسٹ ٹرین کے تیرہ ڈبے پٹری سے اترگئے ہیں جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک مقامی صحافی نے بتایا کہ ابھی تک تئیس لاشوں کو نکالا جاچکا ہے اور مزید ہلاکتوں کو خدشہ ہے۔
نارتھ سینٹر ریلوے کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ ایک بڑا حادثہ لگتا ہے۔
پولیس اور ریلوے نے امدادی کام شروع کردیا ہے۔ مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
ریاست میں ریلوے کے ایک سینئر اہلکار ونے متل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ ایک بڑا حادثہ لگتا ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
ریلوے کے ترجمان انل سکیسنا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ زخمیوں کی تعداد سو سے زیادہ ہوسکتی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں داخل کرایا جارہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کانپور اور دیگر قریبوں شہروں سے میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ رہی ہے۔ اس کے علاوہ فوج بھی ریلوے کی مدد کا کام کررہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریل کے بعض ڈبوں کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا جارہا ہے۔
ابھی تک حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چلا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کسی وجہ سے ٹرین کے ڈرائیور کو ایمرجنسی بریک لگانے پڑے جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔